Current Time

Pakistan's Best News Websites

مائیکروسوفٹ

انسان خود کو کائنات کا مرکز و محور سمجھتا ہے۔ وہ اپنی زندگی کو بہت لمبا تصور کرتے ہوئے نہ صرف آنے والے سالوں بلکہ آنے والی دہائیوں تک کے منصوبے بناتا ہے۔ وہ عظیم الشان عمارتیں تعمیر کرتا ہے، سلطنتیں قائم کرتا ہے اور پھر ان کی بقا کے خواب بھی دیکھتا ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ اگر ہم سیارہ زمین کی عمر کے اسکیل پر دیکھیں تو ایک عام انسان کی زندگی چند مائیکرو سیکنڈز سے بھی کم ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق زمین کی عمر تقریباً 4.5 ارب سال ہے۔ اب اگر ہم اس پوری تاریخ کو 24 گھنٹوں میں سمیٹ دیں یعنی ایک رات 12 بجے سے شروع کرتے ہوئے اگلی رات 12 بجے پر اختتام کریں تو کیا ہوگا؟

اس اسکیل پر زندگی کا پہلا ظہور صبح 4 بجے ہوگا جب ابتدائی مائیکروبز اور یک خلوی جاندار پیدا ہوں گے۔

زمین پر موجود بڑے جاندار کافی دیر بعد آئیں گے اور ڈائنوسارز تو رات 10 بجے کے بعد ہی زمین پر حکمرانی شروع کریں گے مگر ان کا راج بھی زیادہ دیر نہیں چلے گا کیونکہ رات 11:41 پر وہ مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔

اس کے بعد جدید ممالیہ جانور اور دیگر انواع تیزی سے پھلتی پھولتی رہیں گی۔

اور پھر بہت دیر کے بعد انسان آتا ہے۔

مگر کب؟ رات 11:58 پر!

جی ہاں، پوری انسانی تاریخ، قدیم تہذیبوں سے لے کر آج کی جدید دنیا تک، صرف آخری 2 سیکنڈز میں سمٹ جائے گی۔

اور انسان کی اپنی زندگی کے بارے میں کیا خیال ہے؟

یہ آخری 2 سیکنڈز میں پوری نسلِ انسانی کی بات ہو رہی ہے مگر ایک انفرادی انسان کی عمر کتنی ہوگی؟

اگر زمین کی 4.5 ارب سالہ عمر کو 24 گھنٹوں میں سمیٹیں تو اوسط انسانی عمر 70 سے 80 سال ہوتی ہے جو اس پیمانے پر محض چند مائیکرو سیکنڈز بنتی ہے۔

یعنی ایک سیکنڈ کا بھی کئی لاکھواں حصہ اور بس۔

جی ہاں! جو زندگی ہمیں بہت طویل لگتی ہے، وہ درحقیقت ایک لمحہ بھی نہیں۔ ہم کائنات بلکہ صرف اپنی زمین کی نظر میں ایک پلک جھپکنے جتنے بھی مہلت نہیں رکھتے۔

اگر ہم اتنے مختصر ہیں تو کیا ہماری زندگی کی کوئی اہمیت نہیں؟۔

ایسا کہنا درست نہیں بلکہ یہ مختصر وقت ہمیں اپنی زندگی کو بہتر طریقے سے گزارنے کی اہمیت سمجھاتا ہے اور ہمیں بتاتا ہے کہ انسانی زندگی کا ہر لمحہ قیمتی ہے کیونکہ یہ زندگی پلک جھپکنے میں گزر جائے گی۔

اپنی مختصر سی زندگی میں کچھ ایسا کر جائیں جو دوسروں کے لیے فائدہ مند ہو تاکہ مخلوق خدا آپ کو رہتی دنیا تک اچھے الفاظ میں یاد کرتی رہے اور آپ زندگی کے ختم ہونے کے بعد بھی لوگوں کی اچھی یادوں میں زندہ رہیں۔